دل چاہا ہے شوبز جوائن کروں، مگر بچوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔ صنم جنگ

لاہور (شوبز نیوز) اداکارہ اور سابق ٹی وی میزبان صنم جنگ نے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ کام کریں لیکن بچوں کی دیکھ بھال اور پرورش کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کرپاتیں جب کہ وہ کسی اور کے سہارے بچوں کو چھوڑ نہیں سکتیں۔صنم جنگ چند سال قبل پاکستان سے امریکا منتقل ہوگئی تھیں اور اب وہ وہیں رہائش پذیر ہیں، ان کے شوہر پائلٹ ہیں جب کہ ایک سال قبل ہی ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔حال ہی میں صنم جنگ نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے امریکا میں اپنی زندگی اور مشکلات سے متعلق کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ امریکا جیسے ملک میں اپنوں سے دور رہنا آسان بات نہیں، بیرون ممالک میں سپورٹنگ سسٹم نہیں ہوتا، اپنے ملک میں اہل خانہ اور رشتے داروں کو سہارا ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ امریکا میں ان کے رشتے دار بھی ہیں لیکن وہ کافی دور ہیں، اس لیے وہ کوئی کسی کے کام نہیں آتا، ہر کوئی اپنے کام خود کرتا ہے۔صنم جنگ کے مطابق انہیں امریکا منتقل ہوئے تقریبا ساڑھے تین سال ہوچکے ہیں اور اب وہ وہاں کے ماحول میں گھل مل گئی ہیں لیکن آغاز میں انہیں شدید مشکلات پیش آئی تھیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر پائلٹ ہونے کی وجہ سے 15 دن گھر پر ہوتے ہیں اور 15 دن کام پر ہوتے ہیں، اس لیے انہیں کچھ مشکلات پیش آتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شوہر واپس کام پر جانے سے قبل انہیں 15 دن کی سبزی اور دوسرا سامان لے کر دیتے ہیں تاکہ انہیں گھر سے باہر جانے کی ضرورت نہ پڑے لیکن اگر انہیں شوہر کی غیر موجودگی میں کسی چیز کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ پارسل منگوالیتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں