فلمسٹار شبنم نے زندگی کی 78بہاریں دیکھ لیں

ڈھاکہ (شوبز نیوز)تین عشروں تک پاکستان فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی جھرنا باسک جسے دنیا شبنم کے نام سے جانتی ہے، نے 78ویں سالگرہ منائی۔فلمسٹار شبنم کی پیدائش ڈھاکا میں ہوئی۔ 1958 کی بنگالی فلم راج دھانیربوکے سے آغاز کرنے والی فنکارہ نہ صرف اپنی جاندار اداکاری بلکہ مکالموں کی سحر انگیز ادائیگی سے بھی دلوں پر نقش چھوڑتی گئیں۔شبنم نے پاکستان کی پہلی اردو فلم چندا سے جو لوہا منوایا، وہ پھر کبھی زنگ آلود نہ ہوا۔شبنم نے آئینہ، بندش، شمع و پروانہ، درشن، عندلیب اور دل لگی جیسی شاہکار تخلیقات میں اداکاری کے جوہر دکھا کر اپنے لاکھوں پرستاروں کے دلوں پر خوب راج کیا۔شبنم کی جوڑی محمد علی، وحید مراد، شاہد جیسے نامور اداکاروں کے ساتھ خوب بنی، مگر فلم بینوں کے دلوں پر سب سے گہری چھاپ ان کی اور ندیم کی جوڑی نے چھوڑی۔نامور اداکارہ کا فن اتنا تابناک ہوا کہ انہیں 13 بار نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، بعد ازاں 2019 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔فلمسٹار شبنم محض ایک اداکارہ نہیں بلکہ ایک عہد ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں