جشن میلادالنبیۖ کی تقریبات کے لئے بہترین انتظامات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ضلع بھر میں جشن میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات کے حوالے سے بھرپور انتظامی و حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں تاہم اس ضمن میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام،مذہبی رہنماں اور سول سوسائٹی کے افراد کا تعاون ناگزیر ہے تاکہ نبی برحقحضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ولادت و سعادت کا مبارک دن پر امن ماحول میں پورے مذہبی عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منایا جا سکے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصراور سٹی پولیس آفیسر بلال عمرنے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فضل عباس بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مولانا محمد یوسف انور،صاحبزادہ پیر فیض رسول،مولانا محمد ریاض کھرل،مفتی محمد ضیا مدنی،سید جعفر نقوی، ڈاکٹر افتخار نقوی،اسلم بھلی ودیگر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکا کو ماہِ ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ باعثِ مسرت، رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جو محبت، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پورے سال کمیٹی نے بہترین تعاون فراہم کیا ہے جو قابلِ تحسین ہے اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرور کونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے گہری محبت و عقیدت تمام مسلمانوں کے ایمان کا جزو ہے جس میں کوئی اختلاف نہیں ہو سکتا تاہم شرارتی عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی کے علاوہ تجاوزات کے خاتمے اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کی سروس بھی عید میلادالنبیۖ کے جلوسوں کے ہمراہ رہے گی۔سٹی پولیس آفیسر بلال عمر نے کہا کہ عید میلادالنبیۖ کے حوالے سے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے اس ضمن میں جلوسوں کے روٹس پر پولیس فورس تعینات رہے گی جبکہ پٹرولنگ پولیس کے دستوں کو بھی چوکس رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں و دیگر تقریبات کے منتظمین کو چاہیے کہ وہ اپنے رضا کار سکیورٹی گارڈز کو بھی متحرک رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان سمیت تمام مکاتب فکر کے علما کرام کی مثالی معاونت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی،بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کے ایسے شاندار ماحول میں امن کا قیام قابل بھروسہ ہے۔اجلاس کے دوران علما کرام نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید میلادالنبیۖ کے جلوسوں کے حوالے سے انتظامیہ سے معاونت کی جائے گی۔ امن کمیٹی کے ارکان نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے انتظامات کے حوالے سے بعض امور کی نشاندہی کی۔آخر میں ملک و قوم کی ترقی،امن وآشتی،اتحاد و اتفاق اور خیر و برکت کے لئے دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں