عید میلادالنبی ۖ کی خوشیاں منانا ایمان افروز عمل ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عید میلادالنبی ۖ کے بابرکت موقع پر فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھر میں کیک کاٹنے کی تقریب تحریک اہل سنت کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس نے خصوصی طور پر شرکت کی اور جشن عید میلادالنبی ۖ کے حوالے سے کیک کاٹا۔تقریب میں تحریک اہل سنت کے ناظم اعلی مفتی محمد یونس رضوی، زبیر قادری، آصف رضا قادری، ملک سکندر حیات،اسلم بھلی سمیت مذہبی وتاجربرادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس نے کہا کہ عید میلادالنبی ۖ کے موقع پر خوشیاں منانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس موقع کو بھرپور جوش وخروش سے منانے کے لئے پہلے سے بہتر انتظامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کو ان کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے امن کمیٹی سے خصوصی اجلاس بھی منعقد ہو چکا ہے۔مفتی محمد یونس رضوی نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی ذاتِ اقدس پوری انسانیت کے لئے باعثِ رحمت ہے۔ میلاد کی خوشیاں منانا سعادت اور ایمان افروز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی قائم رہے۔آصف رضا قادری نے کہا کہ عید میلادالنبی ۖ کو عقیدت و احترام کے ساتھ منانا چاہیے اور اس موقع پر خرافات کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ علما کرام محافل میلاد میں عوام کو اسلامی تعلیمات پر عمل کی ترغیب دیں تاکہ معاشرہ حقیقی معنوں میں اسلامی اقدار کا آئینہ دار بن سکے۔تقریب میں موجود دیگر شخصیات نے بھی نبی کریم ۖ کی شان اقدس میں عقیدت و محبت کا اظہار کیا اور عزم کیا کہ جشن میلادالنبی ۖ کے موقع پر اتحاد، بھائی چارے اور محبت کے جذبات کو فروغ دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں