انسدادڈینگی کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے انسداد ڈینگی مہم کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت واسا ہیڈ آفس سمیت دیگر دفاتر، ڈسپوزل اسٹیشنز اور پانی کی ٹینکیوں کی چھتوں کی صفائی لازمی کروائی جائے۔انہوں نے مزید کہا ہے موسم برسات کا یہ موسم ڈینگی مچھروں کی افزائش کا ممکنہ موزوں وقت ہے اس لئے ڈینگی سے بچا کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ واسا دفاتر، ڈسپوزل اسٹیشنز اور پانی کی ٹینکیوں پر روزانہ کی بنیاد پر صفائی مکمل کروانے کی ساتھ ساتھ کوریڈورسے کباڑ وغیرہ بھی ہٹایا جائے، اسی طرح کسی بھی جگہ پانی جمع نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام واسا افسران اپنے دفاتر سمیت ماتحت سٹاف کے کمروں کا وزٹ کریں اور انسداد ڈینگی مہم کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ایم ڈی واسا نے شعبہ سٹیزن لائزن سیل کو بھی انسداد ڈینگی مہم کے تحت اپنی آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی کیونکہ اس موسم میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو فروغ دینا اہم ضرورت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی مچھر ایک خطرناک اور موذی مرض کا سبب بنتا ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی اس خطرناک ڈینگی مچھر سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں