سرگودھا (بیوروچیف)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جیل روڈ، پریس روڈ، آزاد روڈ، جنرل بس اسٹینڈ اور بھلوال روڈ پر واسا کے زیرِ نگرانی جاری پی ڈی پی منصوبوں، محکمہ ہائی ویز کے ترقیاتی منصوبوں اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے تحت جاری ترقیاتی و بیوٹیفکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے کمشنر سرگودھا ڈویژن کو جاری منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی سرگرمیوں اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں معیاری انداز سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کے ساتھ تعمیراتی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری علاقوں کی خوبصورتی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں تاکہ ان کے ثمرات شہریوں تک پہنچ سکیں۔دورے کے دوران ایم ڈی واسا، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے، ڈپٹی ایم ڈی واسا، ایگزیکٹو انجینئر ہائی ویز، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔




