چوری، ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر اظہار تشویش

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پی پی 116 رانا طہ خان نے چوری و ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی سے نئی پولیس فورس بنانے اور انہیں3600 سی سی بڑی گاڑیاں فراہم کرنے اور دیگر وسائل دینے کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کی نان سٹاپ کارروائیاں ارباب اختیار کی ناقص کارکردگی کامنہ بولتاثبوت ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نثار کالونی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر زونل جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن ، نائب امراء عمران رشید، ڈاکٹر عبد العلیم بھی موجودتھے۔ رانا طہ خان نے کہا کہ پولیس کی غفلت اور ناکامی نے مجرموں کی ہمت بڑھا دی ہے اور عوام کا پولیس پر اعتماد بھی ختم ہو چکا ہے۔ دن دیہاڑے شہریوں سے موبائل فون اور موٹرسائیکلیں چھیننے اور قتل وغارت جیسے واقعات معمول بن چکے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ سی سی کیمروں کی افادیت سے بھی ملزمان کو پکڑنے میں کوئی پیش رفت سامنے نہیں آرہی۔انہوں نے انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مجرموں کی گرفتاری یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ رانا طہ خان نے خبردار کیا کہ اگر پولیس نے فوری کارروائی نہ کی تو جماعت اسلامی کے کارکنان اور علاقہ مکین تھانہ سمن آباد کے سامنے بھرپور احتجاجی دھرنا دیں گے تاکہ امن و امان کی بحالی ہو سکے۔ رانا طہ خان کا کہنا تھا کہ ارباب اختیار کو عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دینی ہوگی ورنہ عوام میں بے چینی اور ناامیدی مزید بڑھ جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں