فلور ملوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق گندم کی فراہمی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فلور ملوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق گندم کی فراہمی جاری ہے تاکہ عوام کو آٹا سستے داموں وافر مقدار میں دستیاب ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ نے اب تک مختلف فلور ملوں کو 430.5میٹرک ٹن گندم فراہم کی ہے، جس سے 30ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے تیار ہو کر مارکیٹ میں فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ان میں 10 کلو اور 20 کلو کے تھیلے شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ آٹے کی دستیابی اور سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہے۔ فلور ملوں اور مارکیٹ کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور ذخیرہ اندوزی یا اوورچارجنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شمائلہ بانو کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے 3000 روپے فی من گندم کی قیمت مقرر کی گئی ہے، جبکہ مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے اور 100 گرام وزنی روٹی 14 روپے میں دستیاب ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں