مسلم ممالک کا اسرائیل کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ (اداریہ)

دوحہ میں عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم ممالک کے سربراہان نے اسرائیل کی طرف سے قطر پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ یرغمالیوں کی پرامن رہائی کے اسرائیل کے تمام دعوے جھوٹے ہیں گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا عالمی امن کیلئے خطرہ ہے مسلم ممالک کے سربراہان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے تمام حدیں پار کر لی ہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانا ہو گا اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے مسئلہ فلسطین حل کرنا ہو گا صہیونی جارحیت روکنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، امیر قطر نے کہا دوحہ میں اسرائیل کا حملہ بڑی جارحیت تھی اسرائیل نے قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی قطر نے ثالث کے طور پر خطے میں امن کیلئے کوشش کیں اسرائیل نے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرتے ہوئے حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے سیکرٹری جنرل عرب لیگ احمد ابوالخیط نے کہا ہم ایک ایسے وقت میں جمع ہوئے ہیں جب خطے کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں اسرائیل کی دہشت گردی نے صورتحال کو گھمبیر کر دیا ہے اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرنا وقت کا تقاضا ہے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے کہا کہ اسرائیل نے خطے کے مسائل کو سنگین کر دیا ہے عالمی برادری کو دہرا معیار ترک کرنا ہو گا مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا اسرائیل کے جارحانہ اقدامات پر خاموش نہیں رہ سکتے فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا اسرائیل کے جنگی جرائم تمام حدیں پھلانگ چکے ہیں صہیونی جارحیت روکنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے 1967ء کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام ہی امن کا رستہ ہے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں انہوں نے کہا اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کیلئے شدید خطرہ ہیں اسرائیل سمجھتا ہے کہ اسے کوئی نہیں پوچھ سکتا انہوں نے کہا کہ او آئی سی فریم ورک کے تحت اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف میں لانے کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دوحہ میں سعودی شہزادہ محمد بن سلمان ترکیہ کے صدر طیب اردوان اور امیر قطر سے ملاقات کی وزیراعظم ایک روزہ سرکاری دورہ پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار’ وزیردفاع خواجہ آصف’ وزیراطلاعات عطاء اﷲ تارڑ’ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ساتھ اعلیٰ سطحی وفد میں شامل تھے، محمد شہباز شریف نے عرب سربراہی کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا اسرائیل نے ہمارے برادر ملک قطر کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی کی پاکستان قطر کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اسرائیل نے جارحیت کے ذریعے امن کی کوششوںکو شدید دھچکا دیا اسرائیل کو انسانیت کیخلاف جرائم پر جوابدہ کرنا ہو گا شہباز شریف نے کہا اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کی تجویز کے حامی ہیں غزہ میں شہری آبادی کو فوری اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں،، دوحہ میں عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں مسلم ممالک کے سربراہان کا اسرائیل کو غزہ میں ظلم وبربریت پر جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ درست ہے صہیونی ریاست نے غزہ کے بعد ایران اور قطر کے ساتھ ہی بدمعاشی کرنے کی کوشش کی ہے ایسے میں مسلم ممالک کا قطر کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کی تجاویز کا جائزہ لینا اہم فیصلہ ہے تمام مسلم ممالک کا قطر کے ساتھ کھڑے ہونا اتحاد کی علامت ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ کانفرنس کسی ایسے نتیجے پر پہنچے جس کے عالمی طور پر اثرات مرتب ہوں اسرائیل کو غزہ میں جارحیت سے روکا جائے عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے والے اسرائیل کو سبق سکھایا جائے تمام مسلم ریاستیں متحد ہو کر صہیونی ریاست کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں متحد ہوئے بغیر مکار دشمنوں کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں، تمام مسلم ریاستوں کو دفاعی طور پر خود کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ملکی سرحدوں پر اپنی سکیورٹی فورسز کو الرٹ رکھنا چاہیے تاکہ کسی بھی طرح کوئی دشمن ان کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں