پاکستان پائیدار امن کا خواہاں (اداریہ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تنازعات کی بنیادیں ختم نہ کر دی جائیں’ آج دنیا بھر میں تنازعات اور ناانصافیاں بنی نوع انسان کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہیں امن کے فروغ کیلئے ہر فرد اور ہر قوم کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا پاکستان کو اس امر پر فخر ہے کہ اس نے عالمی امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کیا ہے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں یہ بات کہی انہوں نے کہا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پرامن ذرائع سے تنازعات کے حل کے عزم کو ایک بار پھر پختہ کرے وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم امن کے حقیقی مفہوم پر غور کرتے ہیں تو ہم فلسطین کے مقبوضہ علاقے اور بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری سنگین انسانی المیوں کو نظرانداز نہیں کر سکتے جب تک ان خطوں کے عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں دیا جاتا مستقل امن ایک خواب ہی رہے گا وزیراعظم نے کہا پاکستان کو اس امر پر فخر ہے کہ اس نے عالمی امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں دہائیوں پر محیط اور متاثرہ آبادیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنا پاکستان کی ان کاوشوں کا حصہ ہے جن سے دنیا کے تنازعہ زدہ خطوں میں امن واستحکام کو فروغ ملا وزیراعظم نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ دنیا بھر میں امن قائم ہو، دریں اثناء قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امن انسانیت کی بقاء ترقی اور فلاح وبہبود کے لیے بنیادی شرط ہے انہوں نے کہا کہ پائیدار امن صرف مکالمے، برداشت، انصاف اور تعاون کے ذریعے قائم ہو سکتا ہے کیونکہ طاقت اور جبر کبھی حقیقی سکون اور ہم آہنگی کا ذریعہ نہیں بن سکتے انہوں نے کہا کہ دنیا کے راہنمائوں کو چاہیے کہ تنازعات اور تصادم کے بجائے مذاکرات، باہمی احترام اور سفارتکاری کو ترجیح دیں کہ امن محض جنگ کے نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ یہ عدل’ مساوات’ انسانی حقوق کے احترام اور معاشرتی ہم آہنگی پر مبنی ہوتا ہے پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے پیغام کو عملی جامہ پہنایا ہے اس سلسلے میں پارلیمان نے حالیہ قراردادوں کے ذریعے نہ صرف فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور جنگی جرائم کی بھرپور مذمت کی ہے بلکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے آرٹیکل370 اور A-35 کا خاتمہ کشمیری عوام سے ان کی منفرد شناخت چھیننے کی مذموم کوشش ہے جسے پاکستان کبھی قبول نہیں کرے گا قائمقام صدر نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین’ قطر’ شام’ لبنان’ ایران اور دیگر ممالک پر حالیہ جارحیت کو بلاجواز اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام خصوصاً بچوں اور خواتین کا قتل عام’ امدادی سامان کی بندش اور شہری علاقوں پر بمباری’ بدترین انسانی حقوق کی پامالی ہے جسے عالمی برادری کو فوری طور پر روکنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے،، وزیراعظم اور قائمقام صدر مملکت کا عالمی یوم امن کے موقع پر عالمی امن کے قیام کی کوششوں پر زور اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان تنازہ زدہ خطوں میں امن واستحکام کا خواہاں ہے پاکستان ہمیشہ سے پائیدار امن کا خواہاں ہے وزیراعظم شہباز شریف اور قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی نے عالمی یوم امن کے موقع پر ایک بار اس عزم کو دہرایا ہے کہ پاکستان تمام خطوں میں امن چاہتا ہے دونوں قائدین نے فلسطین اور مقبوضہ جموں میں کشمیر میں اسرائیل اور بھارت کی انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز اٹھاتے ہوئے عالمی اداروں خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے،، اسرائیل فلسطینی عوام پر جو مظالم ڈھا رہا ہے اس پر عالمی اداروں کی خاموشی معنی خیز ہے پاکستان نے اس خاموشی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خاموشی سے دنیا کا امن خطرے میں ہے اقوام متحدہ اور عالمی قوتیں فلسطین میں جنگ بندی اور امدادی کارروائیوں میں پیدا کی جانے والی رکاوٹوں کو ختم کرائیں غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی ہٹ دھرمی سے اقوام متحدہ اور امداد دینے والے دیگر ممالک کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی کی کوششوں کو ناکام بنانا انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے اور عالمی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی قوتیں امن کی کوششوں کو ناکام بنانے کا نوٹس لیں مزید دیر کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں