پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن (اداریہ)

ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو گئی جس کا اظہار زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے’ برآمدات میں بہتری’ بین الاقوامی مالیاتی انضمام اور ہمسایہ ممالک سے تجارتی تعلقات کے فروغ سے ہوتا ہے پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 12ستمبر 2025ء تک بڑھ کر 19.73 ارب ڈالر کی شاندار سطح پر پہنچ گئے ہیں اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے ذخائر میں 21 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں زرمبادلہ بڑھ کر 14.36ارب ڈالر ہو گئے جبکہ کمرشل بنکوں کے ذخائر میں 34ملین ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 5.38ارب ڈالر تک پہنچ گئے یہ پیش رفت مالی نظم’ سرمایہ کاروں کے اعتماد’ کرنٹ اکائونٹ میں بہتری اور مؤثر معاشی اصلاحات کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے، اس اضافے سے پاکستان کو عالمی معاشی دبائو کا بہتر مقابلہ کرنے کی صلاحیت ملی ہے درآمدات کی ضروریات کی تکمیل آسان ہوئی ہے اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند ذخائر ادائیگیوں کے توازن پر دبائو کو کم کرتے ہیں اور پاکستانی روپے کو استحکام فراہم کرتے ہیں ذخائر میں مسلسل اضافہ نہ صرف ملک کی قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے بلکہ دنیا کو پاکستان کی مالی ساکھ کا مثبت پیغام بھی دیتا ہے، معاشی میدان میں مزید کامیاب کرنے کیلئے پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں 750 ملین ڈالر (2کھرب 11 ارب روپے) کی مالی آمدن حاصل کرنے کیلئے دو منصوبے تیار کر رہا ہے جن میں پانڈا بانڈ کے اجراء میں بین الاقوامی بینکوں کی مدد سے کمرشل فنانسنگ حاصل کرنا بھی شامل ہے حکومت 300 سے 500 ملین ڈالر کی کمرشل فنانسنگ کے حصول پرغور کر رہی ہے جو ڈوئچے بینک’ اسٹینڈرڈ چارٹر بینک اور دیگر بین الاقوامی بینکوں کے کنسورشیم کے ذریعے ممکن ہو گی وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت’ آئی ٹی’ معدنیات’ سیاحت اور قابل تجدید توانائی اہم شعبے ہیں جن میں بیرون ممالک سے سرمایہ کاری آ سکتی ہے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے قابل عمل منصوبوں پر کام کیا جائے، وزیراعظم کی زیرصدارت لندن سے زوم پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم’ اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے اہم شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے سرمایہ کاری کے ساتھ تجارت کو بھی فروغ دینا ہماری پالیسی کا حصہ ہے تاکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے شہباز شریف نے کہا وزارتوں کو ٹارگٹ دیئے ہیں اور تمام زیرتکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت یک ہے قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کر کے ان کو عملی شکل دینے کے فوری اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک روڈ میپ اور تبدیلی کا ایجنڈا بنایا جائے تاکہ اپنے اہداف کی حصول کیلئے ایک منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے وزیراعظم نے کہا اقتصادی سرگرمیوں کے روڈمیپ میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہو گا اور ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا ہماری جاری معاشی اور اقتصادی اصلاحات کی پالیسی نے معیشت کو ایک نئی سمت دی ہے اور اس جدت اور شفافیت کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی معاشی ٹیم ملکی ترقی کیلئے ان تمام اقدامات کو بروئے کار لا رہی ہے جن کی بدولت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقتصادی صورتحال بھی بہتر ہو سکے علاوہ ازیں حکومت پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاریاں بھی کر رہی ہے جن سے ملکی خزانے میں 2کھرب روپے سے زائد رقم جمع ہونے کی توقع ہے ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ معاشی بہتری کے باعث پاکستان بیرونی سرمایہ کار اعتماد کر رہے ہیں جو بڑی خوش آئند بات ہے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا اہم کردار ہے جنہوں نے ایف بی آر سمیت وزارت خزانہ میں اہم اصلاحات کا بیڑہ اٹھایا غیر فعال سرکاری اداروں کے مسقبل کا فیصلہ کیا ہزاروں فالتو آسامیاں ختم کر کے قومی خزانے کو اس بوجھ سے نجات دلائی جو بڑا کارنامہ ہے امید ہے کہ موجودہ حکومت کی ملک کو معاشی لحاظ سے مزید مضبوط بنانے کی کوششیں ضرور کامیاب ہوں گی اور پاکستان معاشی مشکلات سے نجات حاصل کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں