اسلام آباد (بیوروچیف) نادرا نے جنوبی پنجاب میں پہلا خواتین کے لیے مخصوص رجسٹریشن سینٹر قائم کر دیا۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جنوبی پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان میں اپنا پہلا خواتین کے لیے خصوصی رجسٹریشن سینٹر قائم کر دیا ہے۔یہ سینٹر خواتین کو ایک محفوظ، آرام دہ اور باعزت ماحول فراہم کرے گا جہاں وہ بآسانی شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، اور بچوں کے اندراج جیسے تمام خدمات حاصل کر سکتی ہیں۔نیا نادرا سینٹر مرکز مال آف ڈی جی خان، گارڈن ٹان، ملتان روڈ پر بنا گیا ہے۔نادرا کے مطابق اس سہولت کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں رجسٹریشن کے عمل میں خودمختاری فراہم کرنا ہے تاکہ وہ شناخت حاصل کرنے میں کسی رکاوٹ یا ہچکچاہٹ کا شکار نہ ہوں۔شناختی دستاویزات محض کاغذ نہیں بلکہ یہ خواتین کے لیے مالی خودمختاری، جائیداد کے حقوق اور سیاسی شناخت کی بنیاد ہیں، نادرا نے اس اقدام کے ذریعے خواتین کو قانونی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کی نئی راہ ہموار کی ہے۔یہ اقدام نادرا کے اس وسیع منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ملک بھر میں صنفی حساس خدمات کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ خواتین کو قومی رجسٹریشن اور سماجی ترقی کے مواقع تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔




