ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر30کروڑ51لاکھ روپے جرمانہ

اسلام آباد (بیوروچیف)ای پی اے نے انسدادِ سموگ سے متعلق سال 2025-26کا تقابلی ڈیٹا جاری کر دیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 30کروڑ 51لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 66 فیصد زیادہ ہیں۔ماحولیاتی آلودگی کیخلاف 5 ہزار 461مقامات سیل کیے گئے، جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں سیلنگ کارروائیوں میں ڈھائی گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران آلودگی پھیلانے والے ایک ہزار 467 یونٹس مسمار کیے گئے، جبکہ اینٹوں کے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کی ایک لاکھ ایک ہزار 159انسپیکشنز مکمل کی گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہیں۔پنجاب بھر میں میرج ہالز، بینکو ئٹ ہالز اور مارکیز کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ سکشن ہڈ کی تنصیب کے لیے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد مزید رعایت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق سکشن ہڈ کے بغیر چلنے والے میرج ہالز کو بند یا سیل کیا جائے گا اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔اعداد و شمار کے مطابق سکشن ہڈز کی تنصیب کے لیے 4 ہزار 256 مقامات کا دورہ کیا گیا، ایک ہزار 163مقامات پر ہڈز نصب کیے گئے۔ جبکہ 820 مقامات سیل کیے گئے۔صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائیوں میں 17 کروڑ 13 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ پلاسٹک کے خلاف کریک ڈان میں 3 کروڑ 15 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.7 گنا زیادہ ہے۔پنجاب کے تمام 40 اضلاع میں ایک ہفتے کے دوران 577 اینٹی پولوشن ایکشنز کیے گئے، جن کے دوران ٹیموں نے 7 ہزار 203 فیلڈ وزٹس کیے اور 607 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔قانون شکنوں پر ایک ہفتے کے دوران 2 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے، 483 املاک و صنعتی یونٹس سیل کیے گئے، 30 مقدمات درج ہوئے جبکہ 64 غیر قانونی ڈھانچے مسمار کیے گئے۔صنعتی شعبے میں ایک ہزار 661 وزٹس کے دوران 105 کارروائیاں کی گئیں، جبکہ اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف 137 ایکشنز کیے گئے اور 12 ہزار 906 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کیے گئے۔لاہور 181 اینٹی پولوشن ایکشنز اور 180 املاک سیل کر کے صوبے بھر میں سرفہرست رہا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کسانوں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگا کر ماحول خراب نہ کریں، اور سموگ کے خلاف اس جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں