لاہور (شوبز نیوز) معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی نے اپنے ایک میوزک کنسرٹ یا پروگرام کا حیران کن معاوضہ لینے کا دعوی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی پہلی کمائی صرف 27 ہزار روپے تھی۔صنم ماروی کا شمار ملک کی معروف ترین گلوکاراوں میں ہوتا ہے، انہیں صوفیانہ اور لوک کلام گانے کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔صنم ماروی اردو کے علاوہ سندھی، پنجابی اور سرائیکی سمیت دیگر زبانوں میں بھی گلوکاری کرتی ہیں، ان کے مقبول ترین گانے سندھی، پنجابی و سرائیکی زبان میں ہیں۔گلوکارہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ کیریئر بنانے کے لیے انہیں سخت محنت کرنی پڑی، انہیں متعدد بار مایوسی بھی ہوئی لیکن انہوں نے کبھی ہمت نہ ہاری۔انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلی بار بڑے میوزک پروگرام کرنے پر 27 ہزار روپے کا معاوضہ ملا تھا، جو اس وقت بہت زیادہ تھا، جس سے انہوں نے والدہ کو گھر کے لیے بہت ساری چیزیں لے کر دیں۔گلوکارہ کے مطابق انہوں نے 27 ہزار روپے کی کمائی سے والدہ کو بستر، ٹی وی، واشنگ مشین اور گھر کی دوسری چیزیں بھی لے کر دی تھیں لیکن اس باوجود ان کیپیسے ختم نہیں ہوئے تھے۔صنم ماروی نے کہا کہ ماضی میں پیسوں کی بہت ویلیو تھی، کم پیسوں میں بہت ساری چیزیں آجاتی تھیں ۔




