بھارتی وزیر دفاع کا سندھ سے متعلق بیان گمراہ کن قرار

اسلام آباد (بیوروچیف) ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیردفاع کا سندھ سے متعلق بیان غیرحقیقی اورگمراہ کن ہے ۔ پاکستان اپنی خود مختاری، قومی سلامتی اورعلاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پر عزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیردفاع راج ناتھ کے اشتعال انگیزبیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیردفاع کا سندھ سے متعلق بیان اشتعال انگیزی کی کوشش، ہندو توا ذہن کے عکاس ہیں۔ یہ بیان عالمی قوانین اورریاستی خود مختاری کو چیلنج کرنے کے عزائم رکھتا ہے۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارتی قیادت ایسے بیانات سے اجتناب کرے جو خطے کے امن واستحکام کیلئے خطرناک ہوں، بھارت اپنی اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ اور امتیازی روئیوں کے سدباب پرتوجہ دے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کے عوام برسوں سے ریاستی ناانصافیوں،جبر اور تشدد میں پھنسے ہوئے ہیں، بھارت جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعے کے منصفانہ حل کیلئے اقدامات کرے، پاکستان تمام تنازعات کے پر امن حل کا خواہاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں