7

شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی عملی طور پر نظر آنا ضروری ہے،کمشنر سرگودھا

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ستھرا پنجاب پروگرام پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے، لہٰذا صفائی کے نظام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا شہری و دیہی علاقوں میں صفائی عملی طور پر نظر آنا ضروری ہے جو افسر یا ٹھیکیدار معیار کے مطابق کام نہیں کرے گا، اسے فوراً ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا جائے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے بھکر ضلع میں ایس ڈبلیو ایم سی کی ستھرا پنجاب سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، اسسٹنٹ کمشنرز، کمپنی کے مانیٹرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی موجودہ صورتحال پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کمشنر سرگودہا نے بھکر اور دریاخان تحصیلوں کے مانیٹرز اور ٹھیکیداروں کو تین دن میں کارکردگی بہتر بنانے کا حتمی حکم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ نااہلی ثابت ہونے کی صورت میں انہیں عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے ٹھیکیداروں کو تنبیہہ کی کہ وہ اپنے معاہدے کے مطابق مکمل سروسز فراہم کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف کنٹریکٹ منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے عمل کی سخت نگرانی کرتے ہوئے جرمانوں سمیت تمام قانونی اختیارات استعمال میں لائیں۔کمشنر سرگودہا نے کہا کہ حکومت نے ایس ڈبلیو ایم سی کو تمام وسائل فراہم کر دیے ہیں، اب کارکردگی میں بہتری ناگزیر ہے۔ناقص کارکردگی دکھانے والے ضلعی منیجر کو پہلے ہی ہٹایا جا چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں