وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو سے ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ قومی اہمیت کے منصوبوں کی کامیاب تکمیل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی وصوبائی اداروں کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے سیاسی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال’ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ پاکستان کی عالمی امن کیلئے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بجٹ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ قومی اہمیت کے منصوبوں کی کامیاب تکمیل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی وصوبائی اداروں کے درمیان تعاون جاری رکھا جائے گا۔ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی میں حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار’ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب’ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تاڑ اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں ہے کہ عوام قربانی دیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے۔ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکان پارلیمنٹ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین ارکان کا خیرمقدم کیا اور جاری بجٹ اجلاس میں ان کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ ملکی معیشت خطے کی صورتحال اور عوامی فلاح وبہبود کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے جس قدر ممکن ہو سکا، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ بجٹ میں خواتین کو خودمختار بنانے اور قومی دھارے میں ان کی شمولیت بڑھانے کیلئے متعدد اقدامات بھی شامل کئے گئے ہیں۔ پاکستانی خواتین کو ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اﷲ کے فضل وکرم سے خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹ گئے اور امن کے قیام کی کوششیں کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کی کوششوں میں ان کا بھرپور تعاون حاصل رہا، کشیدگی کے آغاز سے ہی حکومت پاکستان’ بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر’ نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار’ وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور پوری حکومتی ٹیم خلوص نیت کے ساتھ امن کے قیام کے لیے سرگرم عمل رہی۔ باہمی ملاقات میں سفارتی کوششوں پر شہباز شریف’ فیلڈ مارشل کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا اور خطے میں موجودہ کشیدگی کو ختم کرنے اور دیرپا حل کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ملک کی ترقی کیلئے انہیں اپنے اعتماد کا یقین بھی دلایا۔ ان کی وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات اور اس کے دوران مختلف امور پر ایک دوسرے سے تعاون کرنے پر اتفاق بڑی اہمیت کا حامل ہے اور یقینی طور پر اس سے میثاق جمہوریت پر عملدرآمد اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں بڑی مدد ملے گی۔




