فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ چوہلہ پلی کے قریب سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مضروب کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی نے دوران گشت تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ چوہلہ پلی کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ بھی کی گئی، تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام معاذ بتایا جسکو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ڈاکو معاذ ریکارڈ یافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




