ابھیشیک کا ایشوریا سے طلاق کی افواہوں پر سخت ردعمل

ممبئی (شوبز نیوز) معروف بالی وڈ اسٹار ابھیشیک بچن نے اہلیہ و نامور اداکارہ ایشوریا رائے سے طلاق کی افواہوں پر ایک بار پھر ردعمل دے دیا۔انڈین میڈیا کے مطابق ابھیشیک بچن نے ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ عموما ایسی افواہوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ مجھے ان کہانیوں کے بارے میں علم نہیں اور نہ ہی میں ان پر وضاحت دینے کی ضرورت محسوس کرتا ہوں، اگر آپ ایک مشہور شخصیت ہیں تو لوگ ہر بات پر قیاس آرائیاں کریں گے، جو بھی فضول باتیں لکھی گئی ہیں وہ بالکل غلط اور حقیقت پر مبنی نہیں ہیں، یہ سراسر غلط ہیں۔اپنے اور ایشوریا رائے کے رشتے پر تجزیہ کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے ابھیشیک بچن نے کہا کہ یہ لوگ ہماری شادی سے پہلے بھی ایسا ہی کرتے تھے، پہلے سوال یہ تھا کہ ہم شادی کب کریں گے اور اب جب شادی ہو چکی ہے تو وہ یہ کہتے ہیں کہ ہماری طلاق کب ہوگی، یہ سب بکواس ہے۔انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ پورے احترام اور عاجزی کے ساتھ میڈیا سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اکثر غلطی کر جاتا ہے، مجھے اس بات پر پرورش دی گئی ہے کہ میڈیا قوم کا ترجمان ہوتا ہے، میں نے یہ بات ہمیشہ اپنے گھر میں سنی ہے، جب میں اخبار اٹھاتا ہوں تو مجھے اس میں لکھی باتوں پر یقین کرنا ہوتا ہے، میں اس پیشے کے دبا کو سمجھتا ہوں لیکن اگر آپ صرف خبر سب سے پہلے دینے کی فکر میں ہیں اور اس کی تصدیق نہیں کرتے تو پھر آپ کس اصول پر کھڑے ہیں؟ابھیشیک نے واضح کیا کہ ان کے خاندان کے بارے میں جھوٹی افواہوں کو وہ نظر انداز نہیں کریں گے۔بالی وڈ اداکار کا مزید کہنا تھا کہ آخر کار آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ آپ کسی انسان کے بارے میں لکھ رہے ہیں جو کسی کا بچہ، ماں، باپ یا شریک حیات ہوتا ہے، اگر آپ میرے خاندان کے بارے میں بات کریں گے تو پھر آپ کو مجھ سے معاملہ کرنا ہوگا کیونکہ یہ حد سے تجاوز ہے، شاید یہ الفاظ سخت ہوں لیکن میں اپنے یا اپنے خاندان کے بارے میں گھڑی گئی کسی بھی فضول بات کو برداشت نہیں کروں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں