لاہور(سپورٹس نیوز) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) ورلڈکپ جرمنی اور نیدرلینڈ میں منعقد ہوگا جبکہ پہلے کوالیفائنگ رانڈ کی میزبانی مصر اور دوسرے کی چلی کرے گا۔4بار کی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈکپ کوالیفائر کے پول بی میں ہے، اس کے ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا، مصر، ملائیشیا، امریکا، جاپان اور چین بھی اسی پول میں شامل ہیں۔مارچ 2026 میں مصر میں ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر سے 4 ٹیمیں ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ میں شرکت کریں گی۔ورلڈ کپ کوالیفائر سے پہلے قومی ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ کی قیادت میں پرو لیگ 26-2025 کے دوسرے مرحلے میں آسٹریلیا کے شہر ہو بارٹ میں ورلڈ چیمپئن جرمنی اور میزبان آسٹریلیا سے 10 سے 14 فروری 2026تک چار میچز کھیلے گی۔واضح رہے کہ ایف آئی ایچ نے مصر میں منعقد ہونے والے ہاکی ورلڈکپ کوالیفائر کی تاریخوں کا تاحال اعلان نہیں کیا ہے۔پاکستان ہاکی ٹیم نے 1971 میں بارسلونا (اسپین)، 1978 میں بیونس آئرس (ارجنٹائن)، 1982 میں ممبئی (بھارت)، اور 1994 میں آخری بار اولمپئن شہباز سنیئر کی قیادت میں سڈنی (آسٹریلیا) میں ہاکی ورلڈکپ جیتا تھا۔




