نیو ایئر نائٹ’سکیورٹی پلان تیار

لاہور (بیوروچیف) نیو ایئر نائٹ کے موقع پر عوام کی حفاظت اور امن و امان یقینی بنانے کے لیے پنجاب پولیس نے مکمل سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت پورے صوبے میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔سال نو کی خوشیوں کے موقع پر 25ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق 419انسپکٹرز، 1267سب انسپکٹرز، 2189اے ایس آئیز، 1408ہیڈ کانسٹیبلز اور 16,977کانسٹیبلز ڈیوٹی انجام دیں گے۔ لاہور میں 5ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔صوبے بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہلڑ بازی اور شہریوں، خصوصا خواتین کو تنگ کرنے والے شرپسند عناصر کو گرفتار کر کے حوالات میں منتقل کیا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ شہری بلاخوف و خطر اپنی تقریبات منانے کے قابل ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں