میں بھارت مخالف نہیں’ جنگ میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوں’ فرحان سعید

کراچی (شوبز نیوز) گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران میری سوشل میڈیا فالوونگ متاثر ہوئی، بڑی تعداد بھارت سے تھی۔ایک انٹرویو میں فرحان سعید نے کہا کہ میں بھارت مخالف نہیں ہوں تاہم جنگ میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ اگر میرے بھارتی مداح یہ توقع رکھتے ہیں کہ جنگی حالات میں پاکستان زندہ باد کہنے سے گریز کروں گا تو مجھے اس پر افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد کہنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں بھارت سے یا کسی بھی دوسرے ملک سے نفرت کرتا ہوں، میں ہمیشہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کروں گا، اگر میرے ملک پر جنگ مسلط کی جائے تو میں اپنے ملک کے ساتھ ہی رہوں گا۔فرحان سعید نے کہا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ ہم بالی ووڈ کی فلمیں دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں مگر آج کے نوجوان بالی ووڈ کی فلموں کو پوچھتے تک نہیں ہیں، اس کی وجہ یہی ہے کہ ان کا بیانیہ پاکستان مخالف ہوگیا ہے، انہوں نے اپنا بیانیہ تبدیل کرکے اپنا ہی نقصان کیا ہے، اب اگر انہیں اس کی پرواہ نہیں ہے تو ہم بھی اس چیز کی پرواہ نہیں کرتے۔گلوکار نے کہا کہ میں بھارت میں بہت اچھے لوگوں سے ملا ہوں، وہاں موجود اپنی دوستیوں اور تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ میں بھارت مخالف نہیں ہوں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں