تھانہ ائیر پورٹ کے علاقہ میں ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)تھانہ ایئرپورٹ کے علاقہ میں ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ ہفتے کے دوران تین مختلف دکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ مسلسل وارداتوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے جبکہ شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہو چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ایئرپورٹ کے علاقہ 66دھاندرہ میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار اسلحہ کے زور پر ایک کریانہ سٹور سے تقریبا تین لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اسی علاقے میں واقع ایک موبائل شاپ کو بھی رات کے اندھیرے میں نامعلوم ملزمان نے روشن دان کے ذریعے داخل ہو کر مکمل طور پر صاف کر دیا۔مزید برآں غلام مصطفی کی کریانہ دکان پر شام کے وقت تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کی، تاہم دکان میں ورکرز کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث واردات ناکام بنا دی گئی۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جس سے علاقے میں شدید خوف کی فضا قائم ہو گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تھانہ ایئرپورٹ پولیس کی نااہلی اور غفلت کے باعث جرائم پیشہ عناصر دوبارہ سرگرم ہو چکے ہیں اور پولیس گشت و نگرانی مثر ثابت نہیں ہو رہی۔ مسلسل وارداتوں کے باوجود ملزمان کی عدم گرفتاری پولیس کی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھا رہی ہے۔اہل علاقہ نے سی پی او فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور شہریوں کو جان و مال کا مثر تحفظ فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں