کھلے مین ہولز کسی صورت برداشت نہیں

سرگودہا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت عوامی سہولیات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہری اور دیہی علاقوں میں سروس ڈیلیوری کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واسا، میونسپل کمیٹیز، ہارٹیکلچر اتھارٹی، محکمہ صحت، ایس ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہری و دیہی علاقوں میں کھلے یا غائب مین ہول کورز کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ جہاں کورز موجود نہیں وہاں فوری طور پر تنصیب یقینی بنائی جائے، جبکہ مالی مسائل کی صورت میں بروقت ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔ سڑکوں کے ساتھ موجود گٹروں کو فوری پْر کروانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ صحت کی سہولیات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت کے باقاعدہ دورے کرنے، صفائی کی صورتحال بہتر بنانے، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی نشاندہی کے بعد ان کا فوری حل یقینی بنایا جائے اور غفلت پر زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے، مشینری کے بھرپور استعمال اور کنٹرول روم قائم کر کے تمام سرگرمیوں کی مناسب مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔ پارکس اور گرین بیلٹس کے حوالے سے کہا گیا کہ شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے گرین بیلٹس کی بحالی اور مستقل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ تحصیل سطح پر تمام گرین بیلٹس کی مینٹیننس پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ اس حوالے سے حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ ڈی سی نے زور دیا کہ عوام کے روزمرہ معاملات میں آسانیاں پیدا کی جائیں اور انتظامیہ اپنی کارکردگی سے عوام اور حکومت کا اعتماد مضبوط کرے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) فہد محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹر) ماجد بن احمد، اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر ، سی او ضلع کونسل اسد ہریا ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر رانجھا تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں