جھنگ روڈ پر ٹریفک کا المناک حادثہ،اموات 15ہوگئیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھنگ روڈ قلی فقیر سٹاپ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی’ مرنے والوں میں ماں بیٹا بھی شامل ہیں جبکہ 28 زخمیوں میں پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسافر ویگن فیصل آباد سے جھنگ جا رہی تھی کہ جھنگ روڈ پر قلی فقیر والی کے قریب گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی ویٹرنری یونیورسٹی کی بس سے ٹکرا گئی، ویٹرنری یونیورسٹی کی بس طلبہ کو لیکر سپورٹس گالا میں شرکت کیلئے لاہور جا رہی تھی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ ویگن اور بس کے اگلے حصے بری طرح تباہ ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو گاڑیوں سے نکالا تو 9افراد موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے جبکہ دیگر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو جھنگ ہسپتال پہنچایا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی جھنگ انتظامیہ’ پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں ویگن ڈرائیور 25سالہ علی حیدر سکنہ 483 ج ب’ کچا جھنگ کا 17 سالہ سمیع انجم ولد اﷲ دتہ’ شورکوٹ وریام کا 21سالہ علی ولد عباس’ غازی آباد خوشاب کا محمد رفیق ولد اﷲ بخش’ سنت پورہ فیصل آباد کا 28سالہ فیضان ولد خرم’ کشور بی بی زوجہ غلام غوث سکنہ میلاد چوک جھنگ’ مرضی پورہ جھنگ کا 20سالہ محمد موسیٰ ولد کاشف’ مرضی پورہ کی رابعہ کاشف زوجہ کاشف’ گلاب والا جھنگ کا 60سالہ عبدالرشید ولد عبدالعزیز’ چاہ گھڑی جھنگ کا برکت علی ولد حقنواز’ گلاب والا جھنگ کی شہناز بی بی زوجہ عبدالرشید’ خوشاب روڈ کا 65سالہ سلطان احمد ولد اﷲ بخش اور 4نامعلوم مسافر زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ زخمیوں میں 23سالہ جنید اسلام’ 42 سا لہ محمد اشرف’ 29سالہ نعمان ظفر’ 21 سالہ حسنین’ 22 سالہ عبداﷲ محمد خان’ 20سالہ کاشف احمد جاوید’ 20سالہ غلام مرتضیٰ’ 18سالہ سعد مرتضیٰ’ 34سالہ ثنان رضا’ 23سالہ ذیشان’ 50سالہ سید عون محمد’ 22 سالہ فرحان’ 23سالہ افنان’ 22 سالہ احمد دانیال’ 25سالہ محمد شریف’ 24سالہ طلحہ’ 23سالہ جواد’ 44سالہ ابوبکر’ 16سالہ مصطفی’ 20سالہ مزمل’ 23سالہ محمد حسنین’ 60سالہ صفیہ بی بی’ 31سالہ علی نواز’ 22سالہ علی شاہد’ 7سالہ جنت بی بی’ 23سالہ بلال اور دوسگی بہنیں ماہ نور’ عائشہ دختر غلام غوث اور مصباح بی بی شامل ہیں جن کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں