اصل کامیابی یہ ہے سرکاری ملازمت عزت سے کی جائے

سرگودہا(بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن کے دفتر میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ملک محمد اشرف، اسسٹنٹ ظفر اقبال اور نائب قاصد منیر احمد اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔ ان کے اعزاز میں کمشنر آفس میں ایک باوقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران سمیت دیگر افسران اور اسٹاف ممبران نے شرکت کی۔ کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی سرکاری ملازمت کا آغاز تحصیل شاہپور سے کیا اور ملک محمد اشرف کے ساتھ پہلے بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اشرف ایک تجربہ کار اور محنتی ریونیو افسر ہیں جنہوں نے دیانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔کمشنر نے کہا کہ اصل کامیابی یہ ہے کہ سرکاری ملازمت عزت اور وقار کے ساتھ مکمل ہو۔ ہم سب نے ایک دن ریٹائر ہونا ہے، اچھا ادارہ وہی ہوتا ہے جو اپنے لوگوں کو عزت دے۔ تینوں ریٹائر ہونے والے ساتھیوں کے لیے الفاظ کم اور جذبات بہت گہرے ہیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ ظفر اقبال بارے میں کہا کہ جنرل برانچ ایک نہایت حساس اور مصروف شعبہ ہوتا ہے جہاں روزانہ درجنوں سرکاری امور نمٹائے جاتے ہیں۔ ظفر اقبال نے کئی سال اس برانچ میں فرائض انجام دیے اور اپنی محنت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کام کو احسن انداز میں چلایا۔ ان کے دور میں جنرل برانچ میں کوئی انتظامی مسئلہ پیدا نہیں ہوا، جو ان کی قابلیت کا واضح ثبوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں