کمالیہ(نامہ نگار)یونیورسٹی آف کمالیہ میں ایڈوائزری کمیونٹی بورڈ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی ترقی، طلبہ کی فلاح و بہبود اور یونیورسٹی و مقامی کمیونٹی کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ پرو فیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے کی۔اجلاس میں حاجی محمد اسلم انصاری، پروفیسر ڈاکٹر عارف سلیم عارف، ڈاکٹر ارشد انصاری، ڈاکٹر محمد ریاض، میاں امجد اسلام، امجد احمد فراز سندھو سمیت دیگر معزز ممبران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے ، جدید تحقیقی رجحانات اپنانے اور طلبہ کو عملی میدان کے لیے تیار کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کو مقامی صنعت، سماجی اداروں اور کمیونٹی کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے چاہئیں تاکہ طلبہ کو عملی تجربات کے ساتھ ساتھ روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایڈوائزری کمیونٹی بورڈ آئندہ بھی یونیورسٹی کی ترقی اور معاشرتی بہتری کے لیے مثر اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔




