فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)بزنس کمیونٹی کے تعاون سے فیصل آباد کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پر امن اور محفوظ ترین صنعتی مرکز بنایا جائیگا۔ یہ بات ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد فرقان بلال نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے دوران صدر فاروق یو سف شیخ سے تعارفی ملاقات کے دوران کہی۔ انہو ں نے کہا کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی سے پولیس اور عوام میں قربتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ اُن کی اس ملاقات کا مقصد بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی طور پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 489سے متعلقہ مسائل کو سٹی پولیس آفیسر کے نوٹس میں لایا جائے گا جبکہ چینی باشندوں کو تحفظ دینے کیلئے سیکورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈمک میں پولیس کا خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے جو چینی باشندوں کی رجسٹریشن کے علاوہ اُن کو آنے جانے کیلئے گاڑی کی فراہمی کی سہولت بھی مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے فیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی رجسٹریشن پر بھی زور دیا اور کہا کہ چیمبر کو اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس سے قبل ایس ایس پی آپریشنز کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا مختصر تعارف پیش کیا اور کہا کہ وہ نجی شعبہ اورحکومتی اداروں کے درمیان بداعتمادی کی فضا کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی معاشی، صنعتی اور کاروباری اہمیت کے باوجود فیصل آباد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔




