محکمہ واسا گراؤنڈریچارج ویل کی تعمیر آئندہ مون سون سے قبل کرے،کمشنر جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کی زیر نگرانی واسا فیصل آباد شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے سرگرم ہے۔ اس ضمن میں شہر میں 10 مقامات پر”گرانڈ واٹر ریچارج ویل” کے قیام کے لئے تیز رفتاراقدامات جاری ہیں اور اب تک2 گرانڈ واٹر ریچارج ویل پر کام آخری مراحل میں،باقی پر پلاننگ جاری ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ہاکی سٹیڈیم سوساں روڈ اور ملک پور میں گرانڈ واٹر ریچارج ویل کی سائٹس کا دورہ کیا۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے پراجیکٹس کی اہمیت وافادیت بارے آگاہ کیا۔کمشنر نے واسا کے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرانڈ واٹر ریچارج ویل کی تعمیر کو آئندہ مون سون سیزن سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گرانڈ واٹر ریچارج ویل کی تعمیر سے بارشی پانی کی تیزرفتار نکاسی جبکہ زیر زمین پانی کی سطح میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مون سون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ایم ڈی نے بتایا کہ واسا4 نئے سٹوریج ٹینک بھی تعمیر کرائے گا جس کے لئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرکمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر)ندیم ناصر کے ہمراہ شہر بھر کا دورہ کیا۔وہ الائیڈ ہسپتال IIمیں گئے اور نئے بلاک کے مختلف حصو ں کا معائنہ کرکے جاری تعمیراتی کاموں کا معیار دیکھا۔کمشنر نے کہا کہ نیا بلاک شعبہ صحت میں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات میں گرانقدر اضافہ ہوگا جس کی تعمیر کے لئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔کمشنر نے نڑوالا روڈ پر55۔ایکڑ رقبہ پر محیط کلیم شہید پارک کا دورہ بھی کیا اور پارک کے واکنگ ٹریک پر چل کر سہولیات کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے پارک کی ماسٹر پلاننگ کے لئے ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آبادکو ہدف تفویض کیااور کہا کہ پارک میں بوٹنگ،جاذب نظر فوارہ کو فعال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے پارک میں فوڈ کورٹ بنانے سمیت تفریحی سہولیات کو مزید منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پارک کے داخلی مقام کو بھی خوبصورت بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے پارکوں کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہ بنانے پر توجہ مرکوز ہے۔کمشنر نے الائیڈ ہسپتالII سے عبداللہ پور کی جانب ریلوے کی اراضی کی بیرونی دیوار تعمیر کرکے دلکش وال پینٹنگ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی وخوبصورتی کے لئے متعلقہ محکمے ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کریں۔ڈپٹی کمشنر نے شہری تعمیر وترقی اور بیوٹیفیکیشن کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں