ممبئی(شوبز نیوز) بالی وڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور اداکارہ رانی مکھرجی کی پہلی بار اسکرین پر ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔انڈین میڈیا کے مطابق رانی مکھرجی نے فلم فرنچائز او مائی گاڈ کی تیسری پیشکش او ایم جی 3 میں اکشے کمار کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے کیلیے معاہدہ کر لیا ہے۔اگر یہ خبریں درست ہوئیں تو بالی وڈ کے ان دو بڑے ستاروں کا یہ پہلا باہمی اشتراک ہوگا جو مداحوں اور فلمی صنعت سے وابستہ افراد میں جوش و خروش کی لہر دوڑے گی۔فلمی منصوبے سے وابستہ ایک ذرائع نے بتایا کہ رانی مکھرجی کی شمولیت نے اس فلم کو حالیہ برسوں کی سب سے بڑی کاسٹنگ بنا دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ بلاشبہ حالیہ برسوں کی سب سے بڑی کاسٹنگ میں سے ایک ہے، او مائی گاڈ اکشے کمار کی پسندیدہ ترین فرنچائزز میں سے ہے اور رانی مکھرجی کے آنے سے یہ مزید بڑی ہوگئی ہے۔او مائی گاڈ اور اس کے سیکوئل او ایم جی 2نے سماجی پیغامات کو تفریح کے ساتھ جوڑنے کی وجہ سے اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔پہلی فلم اندھے عقیدے جبکہ دوسری بھارتی ااسکولوں میں نظام تعلیم کے موضوع پر بنائی گئی تھی۔اگرچہ او ایم جی3 کی کہانی کو ابھی خفیہ رکھا گیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق اکشے کمار اس بات پر واضح تھے کہ فلم کو ہر لحاظ سے بڑے پیمانے پر ہونا چاہیے اور رانی مکھرجی کی شمولیت نے فلم کو مزید چار چاند لگا دیے ہیں۔




