پیر محل میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل میں میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس کی نگرانی ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر کی۔ آپریشن کا مقصد شہری و دیہی علاقوں میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور عوام کو 4بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی تھا۔گرینڈ آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر پیر محل وقاص ظفر، اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ منور حسین کملانہ سیال، سب ڈویڑنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد اور دیگر بلدیاتی اداروں کے سربراہان فیلڈ میں موجود رہے اور تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی گئی۔ستھرا پنجاب مہم کے تحت جامع صفائی مہم چلائی گئی، جس کے دوران پارکوں، قبرستانوں، مرکزی شاہراہوں اور کھلے مقامات سے گندگی کے ڈھیروں کا مکمل خاتمہ کیا گیا۔ سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی کے لیے جدید مشینری جیٹنگ، سکر مشین، ونچنگ مشین اور ٹرالیوں کا موثر استعمال کیا گیا۔تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیر محل میں تین خصوصی سکواڈ تشکیل دیے گئے جنہوں نے سٹی ایریا، سندھیلیاں والی اور اروتی کے علاقوں میں انکروچمنٹ کے خلاف کارروائیاں کیں۔ آپریشن کے دوران پلی نالیوں کی مرمت، پارکس اور گرین بیلٹس کی بحالی، مین ہول کورز اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی کے اقدامات بھی کیے گئے۔ وال آرٹ، کرپ اسٹون اور ہارٹی کلچر کے ذریعے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا گیا جبکہ اہم چوکوں میں نصب یادگاروں کی صفائی اور بحالی بھی عمل میں لائی گئی۔گرینڈ آپریشن میں ستھرا پنجاب، پیرا فورس اور میونسپل اداروں کے 250 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ عوام کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ستھرا پنجاب مہم کے تحت عوامی خدمت کے اقدامات آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں