بازوؤں اور ٹانگوں سے محروم لڑکی نے تیر اندازی میں تاریخ رقم کردی

نئی دہلی (سپورٹس نیوز)بھارت میں بازوؤں اور ٹانگوں سے محروم لڑکی نے تیر اندازی میں تاریخ رقم کردی ہے۔بھارتی ریاست اڑیسہ سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی پائل نے کھیلوں میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دنیا کی پہلی بازوؤں اور ٹانگوں سے محروم تیر انداز کے طور پر اپنا نام روشن کیا ہے،ان کے تازہ ترین کارناموں میں قومی پیرا تیر اندازی مقابلے میں دو طلائی تمغے شامل ہیں۔6 اپریل 2015 کے دن پائل کھیلتے ہوئے 11,000 وولٹ کی پاور لائن سے ٹکرا گئی تھیں، جس کے نتیجے میں وہ اپنے بازوؤں اور ٹانگوں سے محروم ہوگئیں۔ انہیں ضلع کے مریبہل بلاک کے ایک گاؤں میں دادی یمنا بہل کی دیکھ بھال میں چھوڑ دیا گیا تھا، کیونکہ ان کے والدین غربت کی وجہ سے چھتیس گڑھ میں روزی روٹی کمانے پر مجبور تھے، لیکن جب دادی کا انتقال ہوا تو پائل بالکل تنہا اور کمزور ہوگئیں۔ضلع انتظامیہ نے پاروتی گری آشرم میں پائل کی تعلیم اور قیام کا انتظام کیا۔ اساتذہ نے انہیں منہ میں رنگین پنسلیں دبا کر پیچیدہ تصویریں بناتے ہوئے دیکھا جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔ ان کیلئے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے روبوٹک ہاتھ حاصل کرنے کے لیے 9 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی تھی تاہم وہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔2022 میں انتظامیہ نے پائل کو براہِ راست اپنی نگرانی میں پیشہ ورانہ تیر اندازی کی تربیت کے لیے جموں بھیجنے کا فیصلہ کیا، جہاں سے ان کی زندگی بدل گئی اور وہ اس کھیل میں مہارت حاصل کرنے لگیں۔میڈیارپورٹ کیمطابق آج کل پائل کٹرا کے ایک اسپورٹس کمپلیکس میں تربیت حاصل کر رہی ہیں، جہاں وہ روزانہ 11 گھنٹے مشق کرتی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پیرس 2024 پیرا اولمپکس میں بھارت کے لیے پہلا تمغہ جیتنے والی شیتل دیوی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔پائل کا کہنا ہے کہ”میرے بازو اور ٹانگیں نہیں ہیں، اس لیے میں نے جو کچھ بھی حاصل کیا وہ ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن میں یہ ثابت کرنا چاہتی تھی کہ میری معذوری ہی مجھے ہمت دیتی ہے۔ میں نے اسے اپنی طاقت میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔”انہوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ کوچ کلدیپ ویدوان کو دیا، جو گزشتہ دو سالوں سے انہیں ایک ایسی ڈیوائس کی مدد سے تربیت دے رہے ہیں جو انہوں نے خاص طور پر پائل کی ضرورت کے مطابق تیار کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں