چک جھمرہ میں تجاوزات کیخلاف بھر پور آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی تحریک پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تحصیل چک جھمرہ میں عوام کوسہولیات کی فراہمی کیلئے ضلعی سطح کے وسائل کو یکجا کرکے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے۔ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آباد سے 100سکلڈ ورکرز،واسا سے 50ورکرز اور ضروری مشینری،انسداد تجاوزات کے لئے سول ڈیفنس سے 50رضاکار،ضلع کونسل سے 25سکلڈ بیلدار،ستھرا پنجاب سے50 ورکرز، لوکل گورنمنٹ سے 30ورکرز کے علاوہ تمام ضلعی اداروں کے سربراہان و سٹاف کو ٹاسک تفویض کرکے ان پر تیز رفتارعملدرآمد کرایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ایک روز میں تحصیل چک جھمرہ پر فوکس کرکے واسا کی طرف سے تین بڑی بلاک سیور لائینز کو کلیئر کرانے کے علاوہ جھمرہ شہر کے مختلف مقامات سے سیوریج کے کھڑے پانی کو کلیئر کرادیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مین جھمرہ چنیوٹ روڈ اور گرین بیلٹس میں ایک روز میں 2 ہزار کے قریب پودے لگائے گئے۔اسی طرح چک جھمرہ کے بازاروں میں بھرپور انسداد تجاوزات آپریشن کیا گیا۔ریلوے اسٹیشن کے اردگرد دہائیوں سے بنی جھاڑیوں کو صاف کردیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ موچی بازار میں بیوٹیفکیشن ورک،گرین بیلٹ ورک اور دکانوں کے باہر فساڈ کی بہتری کے لئے کام کا آغاز کرا دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت جناح پارک میں بے بی جوائے لینڈ پر کام شروع کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 8کلومیٹر ایریا میں کروو سٹونز کو پینٹ کرکے دوبارہ خوشنما بنادیا گیا۔قبرستانوں کی چاردیواریوں کو رنگ،چک جھمرہ کی تمام شاہرات پر صفائی،تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں طبی وانتظامی امور کو چوکس رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جھمرہ تا کھچیاں 5کلومیٹر روڈ کی تعمیر کے لئے بھی تخمینہ لگایا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرز کے اقدامات تحصیل چک جھمرہ میں ہر 15دن کے بعد کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں