سرگودہا ( بیورو چیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع سرگودہا میں عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے اوپن ڈور پالیسی پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے۔ اس پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم روزانہ کی بنیاد پر سائلین کے مسائل خود سن رہے ہیں اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر سے باہر آ کر شہریوں کی درخواستیں سنیں اور مختلف نوعیت کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات دیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور کسی شہری کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی درخواستوں پر غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اوپن ڈور پالیسی کے تحت یہ عمل روزانہ جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل بروقت حل ہوں اور حکومت و انتظامیہ پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔




