سرگودھا میں ہینڈ پمپس ختم،جدید فلٹریشن پلانٹس نصب کرنیکا فیصلہ

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن شوکت علی نے شہر میں لگے ہینڈ پمپس (نلکے) ختم کر کے ان کی جگہ جدید فلٹریشن پلانٹس نصب کر نیکی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک فلٹریشن پلانٹس مکمل طور پر فنکشنل نہیں ہو جاتے، ان ہینڈ پمپوں کو کارڈن آف رکھا جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی برقرار رہے اور اس میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ کمشنر نے لاہور روڈ پر باب سرگودہا سے47 پل فلائی اوور تک درختوں پر آرائشی لائٹس لگانے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اسی طرح انہوں نے پی ایچ اے کو شہر کی دیگر اہم اور مصروف شاہراہوں جن میں کچہری روڈ، جیل روڈ سمیت دیگر سڑکیں شامل ہیں، وہاں ڈیجیٹل اشتہاری بورڈ نصب کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔یہ ہدایات کمشنر نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جاری کیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایم ڈی ہارٹیکلچر اتھارٹی محمد ارشد، ایم ڈی واسا ابوبکر عمر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی او ایم سی ماجد بن احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، ایکسین فیسکو مظہر ملک سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شوکت علی نے گرین بیلٹس کی حالت بہتر بنانے اور شہر کی مجموعی صفائی و خوبصورتی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی او ایم سی کو مختلف شعبہ جات کے بقایاجات کی ریکوری ایک ماہ کے اندر یقینی بنانے کا ٹاسک دیا۔کمشنر نے شہر کی سڑکوں پر پیچ ورک کے فوری اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سرگودہا شہر کے لیے میگا سیوریج پراجیکٹ، اس کی ٹائم لائن اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ایم ڈی ہارٹیکلچر اتھارٹی نے پارکس کی تزئین و آرائش، بحالی اور دیگر منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔ ایکسین فیسکو نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی سٹی بیوٹیفکیشن انیشیٹو کے تحت سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری اقدامات اور پیش رفت پر بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے سرگودہا ڈویژن کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں مثالی گاؤں، میگا پراجیکٹس، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، سیف سٹی پراجیکٹ اور فلٹریشن پلانٹس سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سی او ایم سی نے اپنے ادارے کی کارکردگی اور مختلف انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے، تمام ادارے باہمی تعاون سے کام کریں اور عوام کو عملی ریلیف فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں