یکم شعبان 21جنوری 2026کو ہونیکا امکان

اسلام آباد (بیورو چیف) محکمہ موسمیات نے شعبان کے چاند سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم شعبان 1447ہجری بروز بدھ21جنوری 2026کو ہونے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شعبان کا چاند 19جنوری 2026کو رات 12بج کر 52منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم 19جنوری کی شام کراچی سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 17 سے 18 گھنٹے کے درمیان ہوگی جبکہ اتنی کم عمر میں چاند کا نظر آنا ممکن نہیں۔ رویت کے لیے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری ہوتی ہے۔ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریبا 17 گھنٹے 40 منٹ ہوگی۔محکمے کے مطابق سندھ میں چاند غروبِ آفتاب کے بعد 32 سے 33 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں یہ دورانیہ 30 سے 31 منٹ ہوگا۔ مطلع صاف یا جزوی ابر آلود ہونے کے باوجود رویت ممکن نہیں ہوگی۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 29 رجب کو بھی ملک بھر میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کو تفصیلی رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں