نوجوانوں کیلئے حکومت کا بڑا اقدام،اداروں میں عملی ذمہ داریاں نبھانے کا موقع دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) اڑان پاکستان نے نوجوانوں کو قومی ترقی اور پبلک پالیسی کے شعبے میں عملی تجربہ فراہم کرنے کے لیے اپنے فلیگ شپ ینگ ڈیولپمنٹ فیلوشپ (YDF) پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو ایک سال تک ماہانہ 90 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔یہ ایک سالہ فل ٹائم پروگرام حکومت پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے تحت پلاننگ کمیشن کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ترقیاتی منصوبہ بندی، پبلک پالیسی، جدت اور اصلاحاتی سرگرمیوں میں نوجوان پروفیشنلز کو منظم اور عملی تجربہ فراہم کر کے مستقبل کی بااثر قیادت تیار کرنا ہے۔پروگرام کے تحت منتخب ینگ ڈیولپمنٹ فیلوز کو سینئر پالیسی سازوں کے ساتھ کام کرنے اور سرکاری و نجی اداروں میں عملی ذمہ داریاں نبھانے کا موقع دیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ قومی سطح پر پالیسی سازی کے عمل کا براہِ راست تجربہ حاصل کر سکیں گے۔اہلیت کے معیار کے مطابق امیدوار کی عمر 21 سے 30 سال کے درمیان ہونی چاہیے جبکہ کسی مستند ملکی یا غیر ملکی یونیورسٹی سے متعلقہ شعبے میں ماسٹرز ڈگری یا کم از کم 16 سالہ پیشہ ورانہ تعلیم ضروری ہے۔ امیدوار کا کم از کم جی پی اے 3.2 ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔یہ فیلوشپ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لیے کھلی ہے جن میں ترقی و معیشت، فنانس و اکانٹنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، پبلک پالیسی و گورننس، توانائی، تعلیم و صحت، پراجیکٹ مینجمنٹ، ڈیٹا اینالٹکس، اربن پلاننگ، آبی وسائل، انفراسٹرکچر و تعمیرات، برآمدات و تجارت سمیت دیگر ترقیاتی شعبے شامل ہیں۔منتخب فیلوز کو ایک سال کے لیے ماہانہ 90 ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق نامکمل درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا جبکہ صرف شارٹ لسٹ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ انٹرویو کے لیے کسی قسم کا ٹی اے یا ڈی اے فراہم نہیں کیا جائے گا۔درخواست دینے کے خواہشمند امیدوار پلاننگ کمیشن کی ویب سائٹ www.pc.gov.pk/web/career سے مقررہ درخواست فارم ڈان لوڈ کر کے مکمل کریں اور اسے اپنے سی وی، تعلیمی اسناد اور دیگر مطلوبہ دستاویزات کی تصدیق شدہ نقول کے ساتھ کوریئر کے ذریعے ارسال کریں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں