قومی بچت سکیموں کے شرح منافع میں ردوبدل

لاہور (بیوروچیف) قومی بچت سکیموں کے شرح منافع میں ردوبدل کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق 5جنوری 2026سے ہوگا۔ تازہ اعلامیے کے مطابق بعض مقبول اسکیموں پر منافع میں کمی کی گئی ہے جبکہ چند اسکیموں میں سرمایہ کاروں کو قدرے بہتر ریٹرن دیا جائے گا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس (ڈی ایس سی) پر منافع کی شرح میں 23 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی شرح 11.08 فیصد سالانہ مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینیفٹ اکائونٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکائونٹ پر منافع 24بیسس پوائنٹس کم کر کے 12.48فیصد سالانہ کر دیا گیا ہے، جو ان سکیموں پر انحصار کرنے والے صارفین کے لیے ایک اہم تبدیلی سمجھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ریگولر انکم سرٹیفکیٹس (آر آئی سی) میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے، جہاں منافع کی شرح میں 36بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے اور نئی شرح 10.56فیصد سالانہ ہو گئی ہے۔ اسی طرح اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس اور اسپیشل سیونگز اکائونٹس پر منافع میں 40بیسس پوائنٹس اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں اسکیمیں 11فیصد سالانہ منافع فراہم کریں گی۔ اسلامی بچت سکیموں میں بھی معمولی رد و بدل کیا گیا ہے۔ سروا اسلامک ٹرم اکائونٹ (ایک سالہ) اور سروا اسلامک سیونگز اکائونٹ پر منافع 9.96فیصد سالانہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تین سالہ سروا اسلامک ٹرم اکائونٹ پر 10.2فیصد اور پانچ سالہ مدت کے لیے 10.44فیصد سالانہ منافع دیا جائے گا۔ قومی بچت کے مطابق یہ تبدیلیاں مجموعی معاشی حالات اور مارکیٹ رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں، تاکہ سرمایہ کاروں کو متوازن اور پائیدار ریٹرن فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں