جدید سپورٹس کمپلیکس جڑانوالہ کی تعمیر کیلئے فنڈز کا اجرا

جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ ایم پی اے و چئیرمین سٹینڈنگ کمیٹی سردار خان بہادرڈوگر کی خصوصی دلچسپی اور انتھک کوششوں کے نتیجے میں ریلوے گرائونڈ میں جدید سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے فنڈز کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا ہے۔اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے محکمہ سپورٹس کی تکنیکی ٹیم نے معززینِ علاقہ الحاج میاں محمد رفیق طاہر،عابد حسین ملک،سردار نواز ڈوگر،مشرف حمید، میاں زاہد اور دیگر کے ہمراہ ریلوے گرائونڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کے آغاز کیلئے زمین کی پیمائش مکمل کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی سردار خان بہادر ڈوگر نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند تفریح کی فراہمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھرتی ہیں بلکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے یہ سپورٹس کمپلیکس علاقے کے نوجوانوں کیلئے ایک قیمتی تحفہ ثابت ہو گا جہاں انہیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی۔دورے کے دوران موجود معززین علاقہ نے ایم پی اے کی ان کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے گرائونڈ کی حالت زار بہتر ہونے اور سپورٹس کمپلیکس بننے سے علاقے میں کھیلوں کا کلچر دوبارہ زندہ ہوگا۔ محکمہ کی ٹیم کے مطابق پیمائش کا عمل مکمل ہونے کے بعد بہت جلد باقاعدہ تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا تاکہ منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں