مارننگ شو میں معاوضے میں کمی ہوئی تو لگا زمین پر آگری’ مایا خان

لاہور (شوبز نیوز) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان مایا خان کا کہنا ہے کہ مارننگ شو کے معاوضے میں کمی ہوئی تو لگا آسمان سے زمین پر آگری ہوں۔مایا خان کا شمار شوبز انڈسٹری کی کامیاب شخصیات میں ہوتا ہے، انہوں نے پی ٹی وی کے ڈرامے ایک محبت سو افسانے کے ذریعے شہرت حاصل کی جبکہ انہیں اصل پہچان نجی ٹی وی کے مقبول مارننگ شو سے ملی۔سال 2024 میں مایا خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل مائی ری کے ذریعے اسکرین پر واپسی کی جس کے بعد کبھی میں کبھی تم میں ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔حالیہ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ کسی نے پوچھا کہ رہائش اور آسائش کے لیے خرچہ کرنا اور تگ و دو کرنا کیا ٹھیک ہے تو جواب ملا کہ رہائش اور آسائش تک تو ٹھیک لیکن جب وہ نمائش اور آرائش تک آجائے تو سمجھو زوال قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ساتھ مسائل وہاں آنا شروع ہوجاتے ہیں جب آپ کو بہت زیادہ لگژری کی عادت ہوجائے۔اداکارہ نے کہا کہ میری مارننگ شو میں 25 لاکھ روپے تنخواہ تھی پھر 2020 میں وہ وقت آیا کہ جب میں نے چار لاکھ روپے تنخواہ پر پروگرام شروع کیا تھا، اس لمحے میں ٹوٹ گئی تھی کہ اس تنخواہ میں پروگرام کروں گی، ایسا لگا جیسے آسمان سے زمین پر آگری ہوں۔مایا خان نے کہا کہ میں نے پھر سوچا کہ کوئی بات نہیں اللہ ان چار لاکھ کو ہی میرے لیے چار کروڑ روپے بنا دے گا، آپ بھیج رہے ہو میں منع نہیں کروں گی، اللہ چاہے تو تیس کو تیس کروڑ بھی بنا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں