بھمبل بی مکھیوں کے حوالے سے بڑا انکشاف

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) لندن کی کوئین میری یونیورسٹی کے محققین نے ایک نیا انکشاف کیا کہ بھمبل بی مکھیوں میں روشنی کی جھلک کے دورانیے کو پہچاننے اور اس بنیاد پر خوراک تلاش کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ تجربے میں مکھیوں کو ایک بھول بھلیاں میں چھوڑا گیا جہاں انہیں دو دائرے دکھائے گئے، ایک دائرہ مختصر جھلک دیتا تھا اور اس کے ساتھ میٹھا کھانا رکھا گیا جبکہ دوسرا دائرہ طویل جھلک دیتا تھا اور اس کے ساتھ کڑوا کھانا رکھا گیا۔ مختلف کمروں میں دائرے کی جگہ بدلنے کے باوجود مکھیوں نے وقت کے ساتھ یہ سیکھ لیا کہ مختصر جھلک والے دائرے کی طرف جانا ہے کیونکہ وہاں میٹھا کھانا ملتا ہے۔ کھانا ہٹا نے پر بھی مکھیوں نے صرف جھلک کے دورانیے کی بنیاد پر درست انتخاب کیا، جس سے یہ ثابت ہوا کہ وہ وقت کے فرق کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہ دریافت اس بات کا ثبوت ہے کہ مکھیوں کو صرف مشین نما جاندار سمجھنا درست نہیں بلکہ وہ پیچیدہ ذہنی صلاحیتوں اور یادداشت کے ساتھ لچکدار رویے کی حامل ہیں۔یہ تحقیق جرنل بایولوجی لیٹرز میں شائع ہوئی ہے اور ماہرین کے مطابق یہ نہ صرف کیڑوں کی ذہانت کو سمجھنے میں مددگار ہے بلکہ وقت کے ادراک کے بارے میں بھی نئی جہتیں کھولتی ہے۔ اس مطالعے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ چھوٹے دماغ رکھنے والے جاندار بھی حیران کن حد تک پیچیدہ علمی صلاحیتیں رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں