ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے الیکشن،میاں طارق صدر،کلیم گل سیکرٹری بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے سالانہ انتخابات میں میاں طارق محمود ایڈووکیٹ 758 ووٹ لیکر صدر’ کلیم اﷲ گل ایڈووکیٹ 1268 ووٹ حاصل کر کے سیکرٹری منتخب ہو گئے’ مسلم لیگی رانا ثناء اﷲ گروپ کے دونوں امیدوار ہار گئے، پولنگ کا عمل پُرامن ماحول میں ہوا’ جیت کی خوشی میں وکلاء کے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے’ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر کی نشستوں پر 8امیدوار مدمقابل تھے تاہم میاں طارق محمود 758 ووٹ لیکرصدر منتخب ہو گئے جبکہ عامر حیات ایڈووکیٹ کو 688 ووٹ لیکر دوسرے’ رانا اخلاق احمد ایڈووکیٹ کو 515ووٹ’ سید نثار علی شاہ ایڈووکیٹ کو 453 ووٹ’ رانا آصف نوید ایڈووکیٹ 308ووٹ’ چوہدری خرم اعجاز کاہلوں ایڈووکیٹ کو 124 ووٹ’ ملک غلام اصغر ایڈووکیٹ کو 24 ووٹ اور سردار شاہد حفیظ ڈوگر ایڈووکیٹ کو 13ووٹ ملے۔ نائب صدر کی نشست پر رانا محمد ارشد علی خاں ایڈووکیٹ 632 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل آصف جمیل پگان جٹ ایڈووکیٹ کو 568 ووٹ’ رانا اظہر بشیر احمد خاں ایڈووکیٹ کو 563 ووٹ’ صوفیہ نواز آرائیں ایڈووکیٹ اور سعدیہ اطہر اعوان ایڈووکیٹ کو برابر 438ووٹ ملے جبکہ مہدی حسن ملک اعوان ایڈووکیٹ 161 ووٹ حاصل کر سکے۔ سیکرٹری کی نشست پر کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ کلیم اﷲ گل ایڈووکیٹ 1268ووٹ لیکر کامیاب جبکہ مسلم لیگی گروپ کے حمایت یافتہ رانا علی عابد منج ایڈووکیٹ 1025ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اور رانا عمر فاروق ایڈووکیٹ کو 407 اور میاں محمد عامر نثار ایڈووکیٹ 183 ووٹ حاصل کر سکے۔ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر ون ٹو ون مقابلہ میں ملک ساجد شکیل ایڈووکیٹ 1587 ووٹ لیکر کامیاب جبکہ چوہدری زبیر احمد تنگ ایڈووکیٹ 1271 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر دو خواتین وکلاء میں مقابلہ تھا جس میں حافظہ صابرہ نرگس ایڈووکیٹ 1499 ووٹ لیکر کامیاب جبکہ ان کے مدمقابل راشدہ اقبال ایڈووکیٹ کو 1306 ووٹ حاصل کر کے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لائبریری کی سیٹ پر 3 امیدواروں میں مقابلہ تھا جن میں محمد ذیشان شیخ ایڈووکیٹ 1311 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل محمد اعظم بلوچ ایڈووکیٹ کو 1079 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر اور علی سلطان ملک ایڈووکیٹ 470 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ جبکہ ایگزیکٹو کی 10 نشستوں پر پہلے ہی تمام امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ چیئرمین الیکشن بورڈ رانا شفقت عالم ایڈووکیٹ کی طرف سے نتائج جاری ہونے پر جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے خوب جشن منایا، جیتنے والے امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے خوب جشن مناتے رہے۔ اور ہر سال کی طرح پولیس کی موجودگی میں جیتنے والے امیدواروں کی حامیوں کی طرف سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں