شیرپائو کالونی میں جدید ترین ہسپتال کی تعمیر کا اعلان

راولپنڈی (بیورو چیف)راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شیرپائو کالونی ہاسنگ سکیم میں جدید اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جدید ہسپتال تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں آر ڈی اے کانفرنس روم میں ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضی کی صدارت میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس کا مقصد ہسپتال کے منصوبے کے مختلف پہلوں، بشمول منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچہ اور سروس فراہم کرنے کے طریقہ کار پر غور و خوض کرنا تھا۔ اجلاس میں ڈاکٹر جمال ناصر سابق وزیر، ڈاکٹر شرجیل سرفراز احمد شیخ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال، ڈاکٹر شازیہ زیب اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ہولی فیملی ہسپتال، ڈاکٹر خالد رندھاوا اور ڈاکٹر محمد سہیل سابق ایم ایس انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی، محمد انور باران ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے، آبگینہ خان ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ آر ڈی اے اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اسپتال کے دائرہ کار، مجوزہ طبی سہولیات، عملی ماڈل اور راولپنڈی کے عوام کے لیے ممکنہ فوائد پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈی جی آر ڈی اے، کنزہ مرتضی نے کہا کہ یہ ہسپتال جدید طبی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا اور موجودہ عوامی اسپتالوں پر بوجھ کو کم کرنے میں مددگار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ آر ڈی اے کی عوامی فلاح اور پائیدار شہری ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ایک جامع پروجیکٹ سمری تیار کریں جو سیکرٹری، ہاسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو منظوری اور مزید کارروائی کے لیے بھیجی جائے۔ مجوزہ ہسپتال کو ایک کثیر شعبہ جاتی طبی سہولت کے طور پر تیار کیا جائے گا، جس میں جدید تشخیصی، ایمرجنسی اور علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی، تاکہ راولپنڈی کے عوام کے لیے معیاری، قابل رسائی اور سستی طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں