نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جلد فعال بنانے کیلئے اقدامات

سرگودہا( بیوروچیف) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی کی زیر صدارت زیر تعمیر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودہا کو آئندہ ماہ باقاعدہ طور پر فنکشنل کرنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، بورڈ آف گورنرز کے اراکین، ڈین ڈاکٹر محمد وارث فاروقہ، وزیراعلیٰ پنجاب کی مانیٹرنگ ٹیم کے ممبر عتیق الرحمن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو آئندہ ماہ باقاعدہ طور پر فعال کرنے کے لیے تمام انتظامی، طبی اور تکنیکی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہسپتال کے لیے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کی بھرتیوں کا عمل جاری ہے، جس کے لیے 14 تا 16 جنوری تک امیدواروں کو انٹرویوز کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کو موصول ہونے والی درخواستوں،ابتدائی اسکرونٹی، سلیکشن بورڈ کی تشکیل اور بھرتی کے شفاف طریقہ کار کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کی تشکیل، ذمہ داریوں کی تقسیم، آپریشنل پلان، انتظامی ڈھانچے اور ابتدائی طور پر فنکشنل ہونے والے شعبہ جات کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ ہسپتال کے آغاز کے لیے تمام ضروری نظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری دل کے علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودہا ڈویژن کے عوام کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے،جسے مقررہ وقت میں مکمل کر کے مکمل فعال بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بھرتیوں سمیت تمام معاملات میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور مریضوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ہسپتال کو فعال بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ طبی آلات، انسانی وسائل اور انتظامی سپورٹ کے تمام تقاضے بروقت پورے کیے جائیں گے۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا کہ ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ ہسپتال کی فعالیت کے عمل میں مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے اجلاس کو بتایا کہ ضلعی سطح پر تمام انتظامی اقدامات بروقت مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ ہسپتال کے آغاز میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں