حضرت علی کے اسوہ کو اپنا کرامت بحرانوں سے نکل سکتی ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حضرت علی رضی اللہ عنہ کے اسوہ کو اپنا کر امت بحرانوں سے نکل سکتی ہے۔آپ رضی اللہ عنہ کی سیاست خدمتِ خلق اور حق گوئی کا عملی نمونہ ہے۔امت مسلمہ کو جوڑنے کے لیے آپ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ آپ کے دور خلافت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل تھے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نیحضرت علی رضی اللہ تعالی عنہکے یوم ولادت کے سلسلہ میں منعقدہ” کیک کٹنگ تقریب”کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کا دور حکومت کمزور کے تحفظ اور مظلوم کی داد رسی کی علامت تھا۔آپ رضی اللہ عنہ نے اصل طاقت عدل و انصاف قرار دیا۔حضرت علی رضی اللہ عنہ خود سادہ زندگی بسر کرتے اور عوام کے دکھ درد میں شریک رہتے تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ کا ہر فیصلہ خوفِ خدا اور فلاح انسانیت پر مبنی ہوتا تھا۔ آج کے مسلم حکمرانوں کے لیے سیرتِ علی رضی اللہ عنہ ایک مکمل ضابطہ حکمرانی ہے بدعنوانی، اقربا پروری اور ناانصافی کا خاتمہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے فلسفہ حکومت میں واضح ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے دولت کو نہیں بلکہ کردار کو معیار بنایا۔امت میں اتفاق و اتحاد پیدا کرنے کے لیے آپ رضی اللہ تعالی عنہ کی تعلیمات سے روشناس ہونا ہوگا۔اس موقع پرحاجی عبدالرشید، چوہدری نعیم رحمانی، عمر رشید، مولانا محمد شریف، رانا ندیم، حافظ محمد یاسر قادری المدنی،مولانا بہادر علی رضوی،حافظ اکرام قادری ودیگر بھی شریک تھے۔تقریب کے آخر میں ملکی ترقی سلامتی اور وطن عزیز میں اسلامی نظام کے عملی نفاذ کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں