ایم ڈی واسا کی کوششیں کامیاب،جائیکا واٹر سپلائی امپروومنٹ پراجیکٹ پر آمادگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی خصوصی کاوشوں سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے واٹر سپلائی امپروومنٹ پراجیکٹ پر آمادگی ظاہر کی ہے جس کے تحت فیصل آباد میں 20 ملین گیلن ڈیلی کیپسٹی کا جھنگ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا قیام ، اولڈ جھال خانوانہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں 5 ملین گیلن ڈیلی کی توسیع اور گوگیرہ ٹیوب ویلز کی کیپسٹی میں 5 ملین گیلن ڈیلی کی ڈویلپمنٹ شامل ہیں۔ اس ضمن میں جائیکا ماہرین کی جانب سے فزیبلٹی سٹڈی شروع کردی ہے جبکہ اس پراجیکٹ پر لاگت کا تخمینہ فزیبلٹی سٹڈی کے بعد لگایا جائے گا۔ اس حوالے سے ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے بتایا کہ فیصل آباد شہر کی 37 لاکھ سے زائد آبادی کے لئے پانی کی ضرورت 177 ملین گیلن ڈیلی کے قریب ہے جبکہ اس وقت واسا فیصل آباد 111 ملین گیلن ڈیلی پینے کا پانی شہریوں کو فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جائیکا گذشتہ 25 برس سے واٹر سپلائی کی امپروومنٹ کے لئے کام کررہا ہے جو قابل تحسین ہے اور اسی طرح جائیکا کی جانب سے واٹر سپلائی ، سیوریج اور ڈرینج کی ڈویلپمنٹ کے لئے ماسٹر پلان تشکیل دیا اور اس کے مطابق کام کیا جارہا ہے جس کے تحت جائیکا کی گرانٹ ایڈ سے اولڈ جھال خانوانہ پر واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ تعمیر کیا جو اپریل 2025 کو واسا فیصل آباد کے حوالے کردیا گیا اوراس وقت جائیکا واسا فیصل آباد کی مینجمنٹ کیپسٹی میں اضافہ کے لئے ٹیکنیکل معاونت کے پروگرام پر مکمل عمل درآمد کررہا ہے اس کے ساتھ ساتھ ایک اور گرانٹ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی جارہی ہے جس میں سمارٹ میٹرز کی انسٹالیشن بھی شامل ہے۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے واضح کیا کہ جائیکا کے تعاون سے اس پراجیکٹ کے تحت واٹر سپلائی میں مزید بہتری آئے گی اور شہریوں کو پینے کے پانی کی ضرورت اور سپلائی کے فرق میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں