اتھرے ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے3افراد کو لہولہان کرڈالا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولیاں مار کر 3افراد کو لہولہان کر دیا’ مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی تفصیل کے مطابق کھرڑیانوالہ کے علاقہ 266 رب بلال ٹائون کے رہائشی امتیاز نے بتایا کہ اس کا بھائی امجد علی ولد صدیق بلال ٹائون میں حمام کی دکان میں بیٹھا تھا کہ اسی دوران تین مسلح ڈاکو حمام میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر اس کے بھائی امجد علی سے ایک لاکھ 7ہزار روپے’ فون’ پرس چھین لیا تو مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے امجد علی اور ایک راہگیر ثقلین ولد آزاد بری طرح زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر ڈاکوئوں کا ایک ساتھی بھی زخمی ہو گیا۔ تاہم ڈاکو ساتھی کو موٹرسائیکل پر بیٹھا کر فرار ہو گئے۔ جبکہ تھانہ سمندری کے علاقہ 171 گ ب کے رہائشی عطاء الرحمن نے بتایا کہ وہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ مین روڈ پر تین مسلح ڈاکوئوں نے روک کر 27ہزار اور فون چھین لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر گولی مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ تاہم پولیس ابھی تک اتھرے ڈاکوئوں کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں