پولیو کے خاتمے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر صدارت ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں، انتظامات اور عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیضان ارشد نے انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم 02 فروری سے 05 فروری 2026 تک ضلع بھر میں جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران 4 لاکھ 33 ہزار 838 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو مہم کو موثر بنانے کے لیے 1916 موبائل ٹیمیں، 106 فکسڈ اور 49 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 355 ایریا انچارجز مہم کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔ اس موقع پر مہم سے قبل سٹاف کی مکمل ٹریننگ اور فیلڈ تیاریوں پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انسدادِ پولیو مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کو پولیو فری ضلع بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر انسدادِ پولیو مہم کو موثر، شفاف اور کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں