PHAکا شہر کے100پارک کمیونٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کی زیرنگرانی ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آباد نے شہر کے 100پارکوں کو کمیونٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں فریم ورک کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کے تحت ہر پارک کی متعلقہ مینجمنٹ کمیٹی ہوگی جو پارک کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوگی۔علاوہ ازیں ہارٹیکلچر ایجنسی بھی اپنے وسائل میں اضافہ اور پارکوں کی حالت سنوارنے کیلئے15روز میں ”بزنس پلان”فراہم کریگی۔اس امر کا فیصلہ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی کے زیر اہتمام شہر میں 355 پبلک پارکس قائم جہاں شہریوں کو بلامعاوضہ تفریحی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اوروسائل کی کمی کے باعث پارکوں کو مکمل طور پر تفریحی سہولیات سے آراستہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم ہارٹیکلچر ایجنسی نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں 30 سے زائد پارکوں میں واکنگ ٹریک،لائٹس فعال،گرین ایریاز اپ گریڈ،موٹر پمپس فنکشنل کرانے کے ساتھ جھولوں کو بھی فعال کرایا۔علاوہ ازیں شہر بھر کی گرین بیلٹس کو بھی سرسبزوشاداب بنایا جارہا ہے۔کمشنر نے کہا کہ کمیونٹی کوشریک کرکے ہی پارکس کی دیکھ بھال کے اہداف مکمل کئے جاسکتے ہیں اسی مقصد کے لئے پہلے مرحلہ میں چھوٹے بڑے100 پارکس کو کمیونٹی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران کینال روڈ اور انڈرپاسز کی خوبصورتی کے امور بھی زیربحث آئے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ کینال روڈ پر رفحان ملز کے قریب اچھوتا فوارہ نصب کرایا جائے گا۔علاوہ ازیں ٹریٹ بیکری چوک میں خوبصورت ماڈلز کی تنصیب،انڈرپاسز میں لائٹنگ اور تزئین وآرائش کا کام بھی جلد شروع کردیا جائے گا۔کمشنر نے کلیم شہید پارک کو تفریحی سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے حتمی پلان وضع کرنے کی تاکید کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں