لاہور (بیورو چیف) پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلع بھر میں درختوں کی کٹائی اور تراش خراش پر فوری طور پر پابندی عائد کردی گئی ۔ منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر جاری مراسلے کے مطابق غیر مجاز طور پر کسی بھی درخت کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ درختوں کی شاخوں کی معمولی کٹائی، تراش خراش یا پروننگ بھی کسی صورت متعلقہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر نہیں کی جا سکتی، چاہے اس کا مقصد بجلی کی تاروں کی کلیئرنس، حفاظتی اقدامات یا خوبصورتی کی بحالی ہی کیوں نہ ہو۔ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور کے تمام ڈائریکٹرز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور انچارج افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں مزید چوکسی اختیار کریں اور ان احکامات کو فیلڈ اسٹاف، سپروائزرز اور مالیوں تک فوری طور پر پہنچائیں۔ مراسلے میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور شہری ہریالی کے فروغ کیلئے درختوں کا تحفظ ناگزیر ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




